ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شہر میں مضافاتی ریل پراجکٹ کا آغاز چھ ماہ میں : ریلویز

شہر میں مضافاتی ریل پراجکٹ کا آغاز چھ ماہ میں : ریلویز

Wed, 01 Jun 2016 21:24:27  SO Admin   (ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور)

بنگلورو۔یکم جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) شہر بنگلور کے اطراف واکناف مضافاتی ٹرین خدمات کے پراجکٹ کو اگلے چھ ماہ میں شروع کردیا جائے گا۔ یہ بات آج ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے ڈویژنل ریلوے منیجر پی کے سیکسینا نے بتائی۔ ایک اخبار ی کانفرنس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ بنگلور میں مضافاتی ریل پراجکٹ کی شروعات کیلئے مرکزی وزیر ریلویز سریش پربھو نے منظوری دے دی ہے، اور بجٹ میں بھی اس کا اعلان کردیا ہے ۔اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے ساتھ بات چیت بھی کی گئی ہے۔ جلد ہی اس پراجکٹ پر کام کی شروعات یقینی بنائی جائے گی۔محکمۂ ریلویز کی دوسالہ پیش رفت کے متعلق اخباری کانفرنس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ سب اربن ریلویز کے متعلق پراجکٹ رپورٹ تین ماہ میں تیار ہوگی، اس کے بعد سرماری کاری اور دیگر امور کو قطعیت دینے میں اور چھ ماہ کا عرصہ لگے گا۔ بنگلور اور ہاسن کی درمیان ریل خدمات کی شروعات کے متعلق مسٹر سیکسینا نے بتایاکہ رواں سال کے آخیر سے براڈ گیج پر دوہری ریل خدمات ان دونوں شہروں کے درمیان شروع کردی جائیں گی۔اسی طرح بنگلور میسورڈبلنگ کا کام تکمیل کے مراحل میں پہنچ چکا ہے، وہ بھی رواں سال کے اختتام میں عوام کیلئے تیار ہوجائے گا۔ٹمکور رائے درگ نئی ریلوے لائن کے متعلق انہوں نے بتایاکہ اس کام میں چالیس کلومیٹر تک کی پیش رفت ہوئی ہے، باگلکوٹ کڈچی کے درمیان 27 کلومیٹر کی ریلوے لائن بھی رواں سال مکمل ہوجائے گی۔انہوں ع نے بتایاکہ پچھلے دو سال کے دوران ساؤتھ ویسٹرن ریلوے نے نئی ریلوے لائنوں کی تعمیر کے کام میں صد فیصد پیش رفت حاصل کی ہے۔امسال 208 کلومیٹر کی نئی ریلوے لائن ریاست بھر میں مکمل کرنے کا نشانہ طے کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امسال کے ریوے بجٹ میں ریاست کیلئے 20 نئی لائنوں کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ساؤتھ ویسٹرن ریلویز سے ہونے والی آمدنی میں چھ تا سات فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مختلف پراجکٹوں کی تکمیل کے بارے میں انہوں نے بتایاکہ سال گزشتہ کے مقابلے امسال 163 فیصد زائد پراجکٹوں پر کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ 2009 سے 2014تک ریاست بھر میں ریلوے پراجکٹوں پر ساؤتھ ویسٹرن ریلوے نے 835 کروڑ روپے صرف کئے جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران ریاست میں محض ریلوے لائنوں کو بچھانے کیلئے 2196کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں۔ ہوسپیٹ ، ہبلی ، واسکوڈی گاما ریلوے لائن کا الیکٹری فکیشن ، پراجکٹ جلد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کیلئے 465 کروڑ روپے مہیا کرائے گئے ہیں۔ میراج لونڈا روٹ کیلئے 208 کروڑ روپے مہیا کرائے گئے ہیں۔


Share: